امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں علی نے حدیث بیان کی‘ انہوں نے کہا: ہمیں بشر بن المفضل نے حدیث بیان کی‘ انہوں نے کہا: ہمیں یحییٰ بن ابی اسحاق نے حدیث بیان کی از حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ‘ وہ بیان کرتے ہیں کہ
وہ اور حضرت ابو طلحہ رضی اللہ عنہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ جا رہے تھے‘ اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ حضرت صفیہ رضی اللہ عنہا آپ کے پیچھے آپ کی اونٹنی پر بیٹھی ہوئی تھیں‘ جب وہ راستے میں کسی جگہ پہنچے تو اونٹنی پھیسلی یا لڑکھڑائی‘ پس نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کی زوجہ دونوں اونٹنی سے گر گئے اور حضرت ابو طلحہ نے کہا: (کیا آپ کو کوئی چوٹ آئی ہے؟) اور وہ اپنے اونٹ سے نیچے کودے‘ پس رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے‘ پھر کہا: اے اللہ کے نبی! اللہ مجھے آپ کے اوپر فدا کر دے! کیا آپ کو کوئی چوٹ آئی ہے؟ آپ نے فرمایا: نہیں! لیکن تم اس عورت کو سنبھالو! سو حضرت ابو طلحہ نے اپنا کپڑا ان کے چہرے پر ڈال لیا‘ پھر آپ کی اہلیہ کا قصد کیا اور وہ کپڑا ان کے اوپر ڈال دیا تو آپ کی اہلیہ کھڑی ہو گئیں‘ حضرت ابو طلحہ نے آپ دونوں کے لیے اونٹنی کو مضبوطی سے تیار کیا‘ پس وہ دونوں سوار ہو گئے‘ پھر سب روانہ ہوئے حتیٰ کہ جب وہ مدینہ کی پشت پر پہنچے تو انہوں نے سر اٹھا کر مدینہ کو دیکھا تو حضرت انس نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ دعا کی کہ ہم رجوع کرنے والے ہیں! توبہ کرنے والے ہیں! عبادت کرنے والے ہیں! ہم اپنے رب کی حمد و ثناء کرنے والے ہیں! پھر آپ مسلسل یہی کلمات ادا کرتے رہے حتیٰ کہ آپ مدینہ میں داخل ہو گئے۔
Reference: Sahih Al Bukhari 3086