امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں اسحاق بن منصور نے حدیث بیان کی‘ انہوں نے کہا: ہمیں عفان نے خبر دی‘ انہوں نے کہا: ہمیں ہمام نے حدیث بیان کی‘ انہوں نے کہا: ہمیں محمد بن جحادہ نے حدیث بیان کی‘ انہوں نے کہا: مجھے ابوحصین نے خبر دی کہ ذکوان نے کہا کہ ان کو حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے حدیث بیان کی‘ وہ بیان کرتے ہیں کہ
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک شخص آیا‘ اس نے کہا: مجھے ایسا عمل بتائیے جو (ثواب میں) جہاد کے برابر ہو؟ آپ نے فرمایا: میں ایسا عمل نہیں پاتا‘ پھر آپ نے فرمایا: کیا تم ایسا کر سکتے ہو کہ جب مجاہد (جہاد کے لیے) روانہ ہو تو تم مسجد میں آ کر نماز میں قیام کرو اور تم کو (قیام میں) سستی نہ ہو اور تم روزے رکھو اور کوئی روزہ نہ چھوڑو‘ اس شخص نے کہا: ایسا کون کر سکتا ہے! حضرت ابو ہریرہ نے کہا: مجاہد کا رسی سے بندھا ہوا گھوڑا (جب زمین پر پیر مارتا ہے) تو اس پر بھی اس کی نیکیاں لکھی جاتی ہیں۔
Reference: Sahih Al Bukhari 2785