امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں اسماعیل نے حدیث بیان کی‘ انہوں نے کہا: مجھے امام مالک نے حدیث بیان کی از زید بن اسلم از والد خود‘ وہ بیان کرتے ہیں کہ
حضرت عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ نے اپنے آزاد کردہ غلام کو ایک چراگاہ کا حاکم بنایا‘ اس غلام کا نام ہُنَیّ تھا‘ حضرت عمر نے اس سے فرمایا: اے ہُنیّ! اپنے بازو کو مسلمانوں سے ملا کر رکھنا‘ اور مظلوم کی دعا سے ڈرتے رہنا‘ کیونکہ مظلوم کی دعا قبول ہوتی ہے‘ اور حضرت ابن عوف رضی اللہ عنہ اور حضرت ابن عفان رضی اللہ عنہ کے مویشیوں کو (چراگاہ میں نہ جانے دینا) کیونکہ اگر ان کے مویشی ہلاک ہو گئے تو وہ (اپنے گزارے کے لیے) کھجور کے درختوں اور کھیتوں کی طرف رجوع کر لیں گے اور چند اونٹوں اور چند بکریوں کے مالکوں کو (چراگاہ میں داخل ہونے دینا) کیونکہ اگر ان کے مویشی ہلاک ہو گئے تو وہ اپنی اولاد کو لے کر میرے پاس آئیں گے‘ پس وہ کہیں گے: اے امیر المؤمنین! (ہم فقراء اور محتاج ہیں) تیرا باپ نہ رہے! تو کیا میں ان کو چھوڑ دوں گا‘ پس ان کو (چراگاہ میں) پانی اور گھاس مہیا کرنا سونا اور چاندی دینے سے زیادہ آسان ہے! اور اللہ کی قسم! یہ لوگ گمان کریں گے کہ میں نے ان پر ظلم کیا ہے‘ بے شک یہ ان کا ملک ہے‘ انہوں نے اس ملک کی حفاظت کے لیے زمانۂ جاہلیت میں قتال کیا ہے اور دار الاسلام میں اس پر اسلام قبول کیا ہے اور اس ذات کی قسم جس کے قبضہ و قدرت میں میری جان ہے! اگر وہ اموال (یعنی گھوڑے) نہ ہوتے جن پر میں جہاد میں (مجاہدین کو) سوار کرتا ہوں تو میں ان کے ملک میں ایک بالشت کو بھی چراگاہ نہ بناتا۔
Reference: Sahih Al Bukhari 3059