امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں عبداللہ نے حدیث بیان کی‘ انہوں نے کہا: مجھے عبدالعزیز بن ابی سلمہ نے حدیث بیان کی از صالح بن کیسان از سالم بن عبداللہ از عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما‘ وہ بیان کرتے ہیں کہ
جب نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حج سے یا عمرہ سے واپس آتے‘ راوی کہتا ہے کہ حضرت عبداللہ بن عمر نے کہا کہ یا جب کسی غزوہ سے واپس آتے‘ تو جب بھی آپ کسی بلند جگہ پر پہنچتے یا کسی بجری والی زمین پر پہنچتے تو تین مرتبہ اللہ اکبر پڑھتے اور پھر یہ پڑھتے: ”لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيْكَ لَهُ ، لَهُ الْمُلْكُ وَلَهُ الْحَمْدُ وَهُوَ عَلٰى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيْرٌ ‘ اٰئِبُوْنَ تَاۤئِبُوْنَ عٰبِدُوْنَ سٰجِدُوْنَ لِرَبِّنَا حَامِدُوْنَ صَدَقَ اللّٰهُ وَعْدَهُ وَنَصَرَ عَبْدَهُ وَهَزَمَ الْأَحْزَابَ وَحْدَهُ“ ’اللہ کے سوا کوئی عبادت کا مستحق نہیں‘ وہ واحد ہے‘ اس کا کوئی شریک نہیں‘ اسی کی بادشاہی ہے اور اسی کے لیے تعریف ہے اور وہ ہر چیز پر قادر ہے‘ ہم رجوع کرنے والے ہیں‘ توبہ کرنے والے ہیں اور اپنے رب کی عبادت کرنے والے ہیں اور اس کو سجدہ کرنے والے ہیں اور اس کی حمد کرنے والے ہیں‘ اللہ نے اپنے وعدہ کو سچا کر دیا اور اپنے (مکرم) بندے کی مدد کی اور کافروں کی جماعت کو اکیلے شکست دی۔ صالح نے کہا: میں نے راوی سے پوچھا: کیا حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ نے ان شاء اللہ نہیں کہا تھا؟ تو انھوں نے کہا: نہیں!
Reference: Sahih Al Bukhari 2995