Hadith in this chapter(307 hadith)

صحیح بخاری 2941

حدیث نمبر 2941، صحیح بخاری — جہاد اور سیر کا بیان

Sahih Al Bukhari 2941

حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا: پس مجھے ابوسفیان نے خبر دی کہ

وہ شام میں قریش کے مردوں کی ایک جماعت میں تھے‘ وہ وہاں پر اس صلح کی مدت میں تجارت کرنے کے لیے آئے تھے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور کفار قریش کے درمیان مقرر کی گئی تھی‘ ابوسفیان نے کہا: پس ہم نے شام کے کسی علاقہ میں قیصر کے نمائندہ کو پایا‘ وہ مجھے اور میرے اصحاب کو لے گیا حتیٰ کہ ہم کو ایلیاء (بیت المقدس) میں لے گیا‘ پس ہم قیصر کے پاس داخل کیے گئے‘ اس وقت وہ اپنے ملک کی مجلس میں بیٹھا ہوا تھا اور اس کے اوپر تاج تھا اور اس کے گرد روم (شام) کے سردار تھے‘ پس اس نے اپنے مترجم سے کہا: ان لوگوں سے پوچھو کہ ان میں سے کون اس شخص کے نسب کے قریب ہے جس نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ وہ نبی ہے؟ ابوسفیان نے بیان کیا کہ میں نے کہا: میں اس کے نسب کے سب سے زیادہ قریب ہوں‘ قیصر نے پوچھا: تمہارے اور اس شخص کے درمیان کیا رشتہ داری ہے؟ میں نے کہا: وہ میرے چچا کا بیٹا ہے‘ اور تاجروں کی جماعت میں اس دن میرے سوا کوئی بنو عبد مناف سے نہیں تھا‘ پس قیصر نے کہا: اس شخص کو میرے قریب کر دو اور اس نے میرے اصحاب کو حکم دے کر میرے پیچھے میرے کندھے کے پاس کھڑا کر دیا‘ پھر اس نے اپنے ترجمان سے کہا: اس کے اصحاب سے کہو کہ میں اس مرد کے متعلق سوال کروں گا جس کا یہ دعویٰ ہے کہ وہ نبی ہے‘ اگر یہ جھوٹ بولے تو تم اس کو جھوٹا قرار دے دینا۔ ابوسفیان نے کہا: اللہ کی قسم! اگر اس دن مجھے اس بات سے حیاء نہ آتی کہ میرے اصحاب مجھے جھوٹا کہیں گے تو میں ضرور آپ کے متعلق جھوٹ بولتا جب قیصر آپ کے متعلق مجھ سے سوال کرتا‘ لیکن مجھے اس سے حیاء آئی کہ میرے اصحاب میری تکذیب کریں‘ لہٰذا میں نے آپ کے متعلق سچ کہا۔ پھر قیصر نے اپنے ترجمان سے کہا: اس سے پوچھو کہ اس شخص کا نسب تم لوگوں میں کیسا ہے؟ میں نے کہا: وہ ہم میں عمدہ نسب والے ہیں‘ اس نے کہا: کیا اس سے پہلے بھی تم میں سے کسی نے دعویٰ نبوت کیا تھا؟ میں نے کہا: نہیں! پھر اس نے کہا: کیا اس شخص پر دعویٰ نبوت کرنے سے پہلے بھی تم اس پر جھوٹ کی تہمت لگاتے تھے؟ میں نے کہا: نہیں! اس نے کہا: کیا اس کے آباء و اجداد میں سے کوئی شخص بادشاہ تھا؟ میں نے کہا: نہیں! اس نے کہا: آیا معزز لوگ اس کی پیروی کرتے ہیں یا پس ماندہ لوگ؟ میں نے کہا: بلکہ پس ماندہ لوگ! اس نے کہا: کیا وہ لوگ زیادہ ہو رہے ہیں یا کم ہو رہے ہیں؟ میں نے کہا: بلکہ زیادہ ہو رہے ہیں‘ اس نے کہا: کیا کوئی شخص اس کے دین میں داخل ہونے کے بعد اس کے دین کو ناپسند کر کے اس کے دین سے پلٹ جاتا ہے؟ میں نے کہا: نہیں! اس نے کہا: کیا وہ عہدشکنی کرتا ہے؟ میں نے کہا: نہیں! اور ہم اب اس کے ساتھ مدت میں ہیں تو ہمیں اس کی عہدشکنی کا خوف ہے‘ ابوسفیان نے کہا: اس بات کے علاوہ مجھے کوئی اور ایسی بات کہنا کا موقع نہیں ملا جس سے میں آپ کی تنقیص کر سکوں اور مجھے یہ خطرہ نہ ہو کہ مجھے جھوٹا کہا جائے گا‘ قیصر نے پوچھا: کیا کبھی تم نے اس سے جنگ کی ہے اور اس نے تم سے جنگ کی ہے؟ میں نے کہا: ہاں! اس نے کہا: پس اس کی جنگ اور تمہاری جنگ کیسی ہوتی تھی؟ میں نے کہا: وہ کنویں کے ڈول کی طرح تھی‘ کبھی وہ ڈول ہمارے پاس آ جاتا اور کبھی اس کے پاس چلا جاتا‘ اس نے کہا: پس وہ تمہیں کس چیز کا حکم دیتے ہیں؟ ابوسفیان نے کہا: وہ ہمیں حکم دیتے ہیں کہ ہم صرف ایک اللہ کی عبادت کریں اور اس کے ساتھ کسی کو بالکل شریک نہ کریں اور وہ ہمیں اس طریقے سے روکتے ہیں جس کے مطابق ہمارے آباء و اجداد عبادت کرتے تھے‘ وہ ہمیں نماز پڑھنے‘ صدقہ دینے‘ پاک دامنی‘ عہد پورا کرنے اور امانت ادا کرنے کا حکم دیتے ہیں۔ پس قیصر نے اپنے ترجمان سے کہا: جب میں نے اس سے یہ کہا کہ اس سے کہو کہ میں نے تم سے تمہارے درمیان اس شخص کے نسب کے متعلق سوال کیا تو تم نے کہا: ان کا عمدہ نسب ہے‘ اور اسی طرح رسول اپنی قوم کے عمدہ نسب سے مبعوث کیے جاتے ہیں‘ اور میں نے تم سے سوال کیا: کیا اس سے پہلے بھی کسی نے تم میں سے دعویٰ نبوت کیا تھا؟ تو تم نے کہا: نہیں! تو میں نے (دل میں) کہا: اگر تم میں سے کسی نے ان سے پہلے یہ دعویٰ نبوت کیا ہوتا تو میں کہتا: اس شخص نے اس دعویٰ نبوت کی پیروی کی ہے جو اس سے پہلے کیا گیا تھا‘ اور میں نے تم سے سوال کیا کہ کیا اس دعویٰ نبوت کرنے سے پہلے تم اس پر جھوٹ کی تہمت لگاتے تھے؟ تو تم نے کہا: نہیں! پس میں نے جان لیا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ وہ شخص لوگوں پر تو جھوٹ بولنا چھوڑ دے اور اللہ پر جھوٹ بولے‘ اور میں نے تم سے سوال کیا کہ کیا اس کے آباء و اجداد میں سے کوئی شخص بادشاہ تھا؟ تو تم نے کہا: نہیں! پس میں نے (دل میں) کہا: اگر اس کے آباء و اجداد میں سے کوئی شخص بادشاہ ہوتا تو میں کہتا: یہ شخص اپنے آباء و اجداد کے ملک کو طلب کر رہا ہے‘ اور میں نے تم سے سوال کیا کہ کیا معزز لوگ اس کی پیروی کر رہے ہیں یا پس ماندہ لوگ؟ تو تم نے کہا کہ پس ماندہ لوگ اس کی پیروی کر رہے ہیں اور وہی رسولوں کے پیروکار ہوتے ہیں‘ اور میں نے تم سے سوال کیا کہ کیا وہ زیادہ ہو رہے ہیں یا کم ہو رہے ہیں؟ تو تم نے کہا: وہ زیادہ ہو رہے ہیں اور اسی طرح ایمان ہوتا ہے حتیٰ کہ وہ مکمل ہو جائے‘ اور میں نے تم سے سوال کیا کہ کیا کوئی شخص اس کے دین میں داخل ہونے کے بعد اس کے دین کو ناپسند کر کے اس سے پلٹ جاتا ہے؟ تو تم نے کہا: نہیں! اور ایمان کی یہی شان ہے کہ جب اس کی صداقت دل میں بیٹھ جاتی ہے تو کوئی اس سے ناراض نہیں ہوتا‘ اور میں نے تم سے سوال کیا کہ کیا وہ عہدشکنی کرتا ہے؟ تو تم نے کہا: نہیں! اور اسی طرح رسول عہدشکنی نہیں کرتے‘ اور میں نے تم سے سوال کیا کہ کبھی تم نے اس سے جنگ کی ہے اور اس نے تم سے جنگ کی ہے؟ تو تم نے کہا: ایسا ہو چکا ہے اور تمہاری جنگ اور اس کی جنگ کنویں کے ڈول کی طرح ہوتی ہے‘ کبھی ڈول تم سے لیا جاتا ہے اور کبھی تم اس سے ڈول لے لیتے ہو‘ اور اسی طرح رسول آزمائش میں ڈالے جاتے ہیں اور ان ہی کے لیے اچھا انجام ہوتا ہے‘ اور میں نے تم سے سوال کیا تھا کہ وہ تمہیں کن چیزوں کا حکم دیتے ہیں؟ تو تم نے کہا کہ وہ تمہیں یہ حکم دیتے ہیں کہ تم اللہ کی عبادت کرو اور اس کے ساتھ کسی کو بالکل شریک نہ کرو اور وہ تم کو ان طریقوں سے منع کرتے ہیں جن کے مطابق تمہارے آباء و اجداد عبادت کرتے تھے اور وہ تم کو نماز پڑھنے‘ سچ بولنے‘ پاک دامن رہنے‘ عہد پورا کرنے اور امانت ادا کرنے کا حکم دیتے ہیں‘ قیصر نے کہا: اور یہی نبی کی صفت ہے‘ اور میں جانتا تھا کہ وہ نبی ظاہر پذیر ہونے والے ہیں‘ لیکن میرا یہ گمان نہیں تھا کہ وہ تم میں سے ہوں گے اور اگر جو کچھ تم نے بتایا ہے وہ برحق ہے تو وہ عنقریب میرے ان دو قدموں کی جگہ کے مالک ہو جائیں گے‘ اور اگر مجھے امید ہوتی کہ میں ان تک پہنچ جاؤں گا تو میں مشقت برداشت کر کے ان سے ملاقات کرتا‘ اور اگر میں ان کے پاس ہوتا تو میں ان کے دونوں پیروں کو دھوتا۔ ابوسفیان نے کہا: پھر قیصر نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا مکتوب منگوایا‘ پس اس کو پڑھا گیا تو اس میں لکھا ہوا تھا: اللہ ہی کے نام سے (شروع کرتا ہوں) جو بہت مہربان نہایت رحم فرمانے والا ہے (یہ مکتوب سیدنا) محمد‘ اللہ کے بندے اور اس کے رسول کی جانب سے روم کے بادشاہ ہرقل کی طرف ہے‘ جو ہدایت کی پیروی کرے اس پر سلام ہو‘ اللہ کی حمد و ثناء کے بعد‘ میں تم کو اسلام قبول کرنے کی دعوت دیتا ہوں‘ تم اسلام قبول کر لو‘ سلامت رہو گے‘ تم اسلام قبول کر لو‘ اللہ تم کو دو اجر عطا فرمائے گا‘ اور اگر تم نے اعراض کیا تو تمہارے پیروکاروں کے گناہ کا بوجھ بھی تم پر ہوگا‘ ’آپ کہیے کہ اے اہل کتاب! ایسی بات کی طرف آؤ جو ہمارے اور تمہارے درمیان برابر ہے کہ ہم اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہ کریں اور اللہ کے ساتھ کسی کو بالکل شریک نہ کریں اور ہم میں سے کوئی اللہ کو چھوڑ کر کسی کو رب نہ بنائے‘ پس اگر وہ روگردانی کریں تو تم کہہ دو کہ (لوگو!) تم گواہ رہو کہ ہم مسلمان ہیں (آل عمران: ۶۴) ابوسفیان نے کہا: جب قیصر نے اپنی بات ختم کر لی تو اس کے گرد روم (شام) کے سردار تھے‘ ان کی آوازیں بلند ہو گئیں اور ان کا شور بہت زیادہ ہو گیا‘ سو میں نہیں جانتا کہ انہوں نے کیا کہا‘ اور ہمیں نکل جانے کا حکم دیا گیا‘ سو ہم نکال دئیے گئے‘ پھر جب میں اپنے اصحاب کے ساتھ نکلا اور ان کے ساتھ تنہائی کا موقع ملا تو میں نے کہا: ابوکبشہ کے بیٹے (یعنی نبی صلی اللہ علیہ وسلم) کا معاملہ بہت بڑھ گیا ہے‘ زرد لوگوں کا یہ بادشاہ بھی ان سے ڈرتا ہے‘ ابوسفیان نے کہا: اللہ کی قسم! مجھے اس دن سے اپنی ذلت کا یقین ہو گیا تھا اور مجھے یہ یقین ہو گیا تھا کہ عنقریب ان کا دین سربلند ہوگا‘ حتیٰ کہ اللہ نے میرے دل میں اسلام کو داخل کر دیا حالانکہ میں (پہلے) اس کو ناپسند کرتا تھا۔

Arabic Matn
قَالَ ابْنُ عَبَّاسٍ، فَأَخْبَرَنِي أَبُو سُفْيَانَ بْنُ حَرْبٍ أَنَّهُ كَانَ بِالشَّأْمِ فِي رِجَالٍ مِنْ قُرَيْشٍ قَدِمُوا تِجَارًا فِي المُدَّةِ الَّتِي كَانَتْ بَيْنَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَبَيْنَ كُفارِ قُرَيْشٍ، قَالَ أَبُو سُفْيَانَ، فَوَجَدَنَا رَسُولُ قَيْصَرَ بِبَعْضِ الشَّأْمِ، فَانْطُلِقَ بي وَبِأَصْحَابِي، حَتَّى قَدِمْنَا إِيلِيَاءَ، فَأُدْخِلْنَا عَلَيْهِ، فَإِذَا هُوَ جَالِسٌ فِي مَجْلِسِ مُلْكِهِ، وَعَلَيْهِ التَّاجُ، وَإِذَا حَوْلَهُ عُظَمَاءُ الرُّومِ، فَقَالَ لِتَرْجُمَانِهِ: سَلْهُمْ أَيُّهُمْ أَقْرَبُ نَسَبًا إِلَى هَذَا الرَّجلِ الَّذِي يَزْعُمُ أَنَّهُ نَبِيٌّ، قَالَ أبو سُفْيَانَ: فَقُلْتُ [ص:46]: أَنَا أَقْرَبُهُمْ إِلَيْهِ نَسَبًا، قَالَ: مَا قَرَابَةُ مَا بَيْنَكَ وَبَيْنَهُ؟ فَقُلْتُ: هُوَ ابْنُ عَمِّي، وَلَيْسَ فِي الرَّكْبِ يَوْمَئِذٍ أَحَدٌ مِنْ بَنِي عَبْدِ مَنافٍ غَيْرِي، فَقَالَ قَيْصَرُ: أَدْنُوهُ، وَأَمَرَ بِأَصْحَابِي، فَجُعِلُوا خَلْفَ ظَهْرِي عِنْدَ كَتِفِي، ثُمَّ قَالَ لِتَرْجُمَانِهِ: قُلْ لِأَصْحَابِهِ: إِنِّي سَائِلٌ هَذَا الرَّجُلَ عَنِ الَّذِي يَزْعُمُ أَنَّهُ نَبِيٌّ، فَإِنْ كَذَبَ فكذِّبوه، قَالَ أَبُو سُفْيَانَ: وَاللَّهِ لَوْلاَ الحَيَاءُ يَوْمَئِذٍ، مِنْ أَنْ يَأْثُرَ أَصْحَابِي عَنّي الكَذِبَ، لَكَذَبْتُهُ حِينَ سَأَلَنِي عَنْهُ، وَلَكنِّي اسْتَحْيَيْتُ أَنْ يَأْثُرُوا الكَذِبَ عَنِّي، فَصَدَقْتُهُ، ثُمَّ قَالَ لِتَرْجمانِهِ: قُلْ لَهُ كَيْفَ نَسَبُ هَذَا الرَّجُلِ فِيكُمْ؟ قُلْتُ: هُوَ فِينَا ذُو نَسَبٍ، قَالَ: فَهَلْ قَالَ هَذَا القَوْلَ أَحَدٌ مِنْكُمْ قَبْلَهُ؟ قُلْتُ: لاَ، فَقَالَ: كُنْتُمْ تَتَّهِمُونَهُ عَلَى الكَذِبِ قَبْلَ أَنْ يَقُولَ مَا قَالَ؟ قُلْتُ: لاَ، قَالَ: فَهَلْ كَانَ مِنْ آبَائِهِ مِنْ مَلِكٍ؟ قُلْتُ: لاَ، قَالَ: فَأَشْرَافُ النَّاسِ يَتَّبِعُونَهُ أَمْ ضُعَفَاؤُهُمْ؟ قُلْتُ: بَلْ ضُعَفَاؤُهُمْ، قَالَ: فَيَزِيدُونَ أَوْ يَنْقُصُونَ؟ قُلْتُ: بَلْ يَزِيدُونَ، قَالَ: فَهَلْ يَرْتَدُّ أَحَدٌ سَخْطَةً لِدِينِهِ بَعْدَ أَنْ يَدْخُلَ فِيهِ؟ قُلتُ: لاَ، قَالَ: فَهَلْ يَغْدِرُ؟ قُلْتُ: لاَ، وَنَحْنُ الآنَ مِنْهُ فِي مُدَّةٍ، نَحْنُ نَخَافُ أَنْ يَغْدِرَ، - قَالَ أَبُو سُفْيَانَ: وَلَمْ يُمْكِنِّي كَلِمَةٌ أُدْخِلُ فِيهَا شَيْئًا أَنْتَقِصُهُ بِهِ، لاَ أَخَافُ أَنْ تُؤْثَرَ عَنِّي غَيْرُهَا -، قَالَ: فَهَلْ قَاتَلْتُمُوهُ أَوْ قَاتَلَكُمْ؟ قُلْتُ: نَعَمْ، قَالَ: فَكَيْفَ كَانَتْ حَرْبُهُ وَحَرْبُكُمْ؟ قُلْتُ: كَانَتْ دُوَلًا وَسِجَالًا، يُدَالُ عَلَيْنَا المَرَّةَ، وَنُدَالُ عَلَيْهِ الأُخْرَى، قَالَ: فَمَاذَا يَأْمُرُكُمْ بِهِ؟ قَالَ: يَأْمُرُنَا أَنْ نَعْبُدَ اللَّهَ وَحْدَهُ لاَ نُشْرِكُ بِهِ شَيْئًا، وَيَنْهَانَا عَمَّا كَانَ يَعْبُدُ آبَاؤُنَا، وَيَأْمُرُنَا بِالصَّلاَةِ، وَالصَّدَقَةِ، وَالعَفَافِ، وَالوَفَاءِ بِالعَهْدِ، وَأَدَاءِ الأَمَانَةِ، فَقَالَ لِتَرْجُمَانِهِ حِينَ قُلْتُ ذَلِكَ لَهُ: قُلْ لَهُ: إِنِّي سَأَلْتُكَ عَن نَسَبِهِ فِيكُمْ، فَزَعَمْتَ أَنَّهُ ذُو نَسَبٍ، وَكَذَلِكَ الرُّسُلُ تُبْعَثُ فِي نَسَبِ قَوْمِها، وَسَأَلْتُكَ: هَلْ قَالَ أَحَدٌ مِنْكُمْ هَذَا القَوْلَ قَبْلَهُ، فَزَعَمْتَ أَنْ لاَ، فَقُلْتُ: لَوْ كَانَ أَحَدٌ مِنْكُمْ قَالَ هَذَا القَوْلَ قَبْلَهُ، قُلْتُ رَجُلٌ يَأْتَمُّ بِقَوْلٍ قَدْ قيل قَبْلَهُ، وَسَأَلْتُكَ: هَلْ كُنْتُمْ تَتَّهِمونَه بالكَذِبِ قَبْلَ أَنْ يَقُولَ مَا قَالَ، فَزَعَمْتَ أَنْ لاَ، فَعَرَفْتُ أَنَّهُ لَمْ يَكُنْ ليَدَع الكَذِبَ عَلَى النَّاسِ وَيَكْذِبَ عَلَى اللَّهِ، وَسَأَلْتُكَ: هَلْ كَانَ مِنْ آبَائِهِ مِنْ مَلِكٍ، فَزَعَمْتَ أَنْ لاَ، فَقُلْتُ لَوْ كَانَ مِنْ آبَائِهِ مَلِكٌ، قُلْتُ يَطْلُبُ مُلْكَ آبَائِهِ، وَسَأَلْتُكَ: أَشْرَافُ النَّاسِ يَتَّبِعُونهُ أَم ضُعَفَاؤُهُمْ، فَزَعَمْتَ أَنَّ ضُعَفَاءهُمُ اتّبَعوهُ، وَهُمْ أَتْبَاعُ الرُّسُلِ، وَسَأَلْتُكَ: هَلْ يَزِيدُونَ أَوْ يَنْقُصُونَ، فَزَعَمْتَ أَنَّهمْ يَزِيدُونَ، وَكَذَلِكَ الإِيمَانُ حَتَّى يَتِمَّ، وَسَأَلْتُكَ هَلْ يَرْتَدُّ أَحد سَخْطَة لدِينِهِ بَعْدَ أَنْ يَدْخُلَ فِيهِ، فَزعَمْتَ أَنْ لاَ، فَكَذَلِكَ الإِيمَانُ حِينَ تَخْلِطُ [ص:47] بَشَاشَتُهُ القُلُوبَ، لاَ يَسْخَطُهُ أَحَدٌ، وَسَأَلْتُكَ هَلْ يَغْدِرُ، فَزَعَمْتَ أن لاَ، وَكَذَلِكَ الرُّسُلُ لاَ يَغْدِرُونَ، وَسَأَلْتُكَ: هَلْ قَا تَلْتُمُوهُ وَقَاتَلَكُمْ، فَزَعَمْتَ أَنْ قَدْ فَعَلَ، وَأَنَّ حَرْبَكُمْ وَحَربه تَكُونُ دُوَلًا، وَيُدَالُ عَلَيْكُمُ المَرَّةَ وَتُدَالُونَ عَلَيْهِ الأُخْرَى، وَكَذَلِكَ الرُّسُلُ تُبْتَلَى وَتَكُونُ لَهَا العَاقِبَةُ، وَسَأَلْتُكَ: بِمَاذَا يَأْمُرُكُمْ، فَزَعَمْتَ أَنَّه يَأمُرُكُمْ أَنْ تَعْبُدُوا اللَّهَ وَلاَ تُشْرِكُوا بِهِ شَيْئًا، وَيَنْهَاكُمْ عَمَّا كَانَ يَعْبُدُ آبَاؤُكُمْ، وَيَأْمُرُكُمْ بِالصَّلاَةِ، وَالصَّدَقَةِ، وَالعَفَافِ، وَالوَفَاءِ بِالعَهْدِ، وَأَدَاءِ الأَمَانَةِ، قَالَ: وَهَذِهِ صِفَةُ النَّبِيِّ، قَدْ كُنْتُ أَعْلَمُ أَنَّهُ خَارِجٌ، وَلَكنْ لَمْ أَظُنَّ أَنَّهُ مِنْكُمْ، وَإِنْ يَكُ ما قُلْت حَقًّا، فَيُوشِكُ أَنْ يَمْلِكَ مَوْضِعَ قدَمَيّ هاتَيْنِ وَلَوْ أَرْجُو أَنْ أَخْلُصَ إليْهِ، لَتَجَشَّمْتُ لُقِيَّهُ، وَلَوْ كُنْتُ عندَهُ لَغسلْت قَدَمَيْهِ، قَالَ أَبُو سُفْيَانَ: ثُمَّ دَعَا بِكِتَابِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقُرِئَ، فَإِذَا فِيهِ: بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ، مِنْ مُحَمَّدٍ عَبْدِ اللّهِ وَرَسُولِهِ، إِلَى هِرَقْلَ عَظِيمِ الرُّومِ، سَلاَمٌ عَلَى مَنِ اتَّبَعَ الهُدَى، أَمَّا بَعْدُ: فَإِنِّي أَدْعُوكَ بِدِعَايَةِ الإِسْلاَمِ، أَسْلِمْ تَسْلَمْ، وَأَسْلِمْ يُؤْتِكَ اللَّهُ أجرَكَ مَرَّتَيْنِ، فَإِنْ تَوَلَّيت، فعَلَيْكَ إِثمُ الأَرِيسِيِّينَ وَ: {يَا أَهْلَ الكِتَابِ تَعَالَوْا إِلَى كَلِمَةٍ سَوَاءٍ بَيْنَنَا وَبَيْنَكُمْ، أَلّا نَعْبُدَ إِلَّا اللَّهَ وَلاَ نُشْرِكَ بِهِ شَيْئًا، وَلاَ يَتَّخِذَ بَعْضُنا بَعْضًا أَرْبَابًا مِنْ دُونِ اللَّهِ، فَإِنْ تَوَلَّوْا، فَقُولُوا اشْهَدُوا بِأَنَّا مُسْلِمُونَ} [آل عمران: 64] ، قَالَ أَبُو سُفْيَانَ: فَلَمَّا أَنْ قَضَى مَقَالَتَهُ، عَلَتْ أَصْوَاتُ الَّذِينَ حَوْلَهُ منْ عُظَمَاءِ الرُّومِ، وَكَثُرَ لَغَطُهُمْ، فَلاَ أَدْرِي مَاذَا قَالُوا، وَأُمِرَ بِنَا، فَأُخْرِجْنَا، فَلَمَّا أَنْ خَرَجْتُ مَعَ أَصْحَابِي، وَخَلَوْتُ بِهِمْ قُلْتُ لَهُمْ: لَقَدْ أَمِرَ أَمْر ابْنِ أَبِي كَبْشَةَ، هَذَا مَلِكُ بَنِي الأَصْفَرِ يَخَافُهُ، قَالَ أَبُو سُفْيَانَ: وَاللَّهِ مَا زِلْ تُ ذَلِيلًا مُسْتَيْقِنًا بِأَنَّ أَمْرَهُ سَيَظْهَرُ، حَتَّى أَدْخَلَ اللَّهُ قَلبِي الإِسْلاَمَ وَأَنَا كَارِهٌ

Grade:

Reference: Sahih Al Bukhari 2941

More Hadiths in Chapter 56

View all in chapter →