امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں مالک بن اسماعیل نے حدیث بیان کی‘ انہوں نے کہا: ہمیں زہیر نے حدیث بیان کی از حمید از حضرت انس رضی اللہ عنہ‘ وہ بیان کرتے ہیں کہ
نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک اونٹنی تھی جس کو العضباء کہا جاتا تھا‘ وہ کبھی پیچھے نہیں رہتی تھی‘ حمید نے کہا: یا وہ پیچھے رہنے کے قریب نہیں رہتی تھی‘ پھر ایک اعرابی اپنے اونٹ پر آیا تو اس نے العضباء کو پیچھے چھوڑ دیا تو یہ بات مسلمانوں پر بہت دشوار گزری حتیٰ کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی پریشانی کو جان لیا تو آپ نے فرمایا: اللہ پر یہ حق ہے کہ جو چیز بھی دنیا میں بلند ہوتی ہے وہ اس کو پست کر دیتا ہے (کیونکہ مطلقاً بلندی صرف اللہ ہی کے لیے ہے)۔
اس حدیث کو موسیٰ نے از حماد از ثابت از حضرت انس از نبی صلی اللہ علیہ وسلم طوالت کے ساتھ روایت کیا ہے۔
Reference: Sahih Al Bukhari 2872