حدیث نمبر 3007، صحیح بخاری — جہاد اور سیر کا بیان
امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں علی بن عبداللہ نے حدیث بیان کی‘ انہوں نے کہا: ہمیں سفیان نے حدیث بیان کی‘ انہوں نے کہا: ہمیں عمرو بن دینار نے حدیث بیان کی‘ میں نے ان سے دو مرتبہ سنا‘ انہوں نے کہا: مجھے حسن بن محمد نے خبر دی‘ انہوں نے کہا: مجھے عبیداللہ بن ابی رافع نے خبر دی‘ انہوں نے کہا: میں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے سنا‘ وہ بیان کر رہے تھے کہ
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مجھے‘ حضرت زبیر اور حضرت مقداد بن الاسود رضی اللہ عنہم کو بھیجا‘ فرمایا: تم لوگ جاؤ‘ حتیٰ کہ تم روضہ خاخ میں پہنچ جاؤ‘ بے شک وہاں پر ایک مسافر عورت ہے اور اس کے پاس ایک مکتوب ہے‘ تم وہ مکتوب اس سے لے لینا‘ پس ہم لوگ روانہ ہوئے اور ہم نے اپنے گھوڑوں کو دوڑایا حتیٰ کہ ہم روضہ خاخ میں پہنچ گئے‘ پس ہم نے وہاں ایک مسافر عورت کو دیکھا تو ہم نے اس سے کہا: وہ مکتوب نکالو! اس نے کہا: میرے پاس کوئی مکتوب نہیں ہے‘ پس ہم نے کہا: تم وہ مکتوب نکالو ورنہ ہم تمہارے کپڑے اتار دیں گے‘ اس نے اپنی مینڈھیوں کے گچھے سے وہ مکتوب نکالا‘ ہم اس مکتوب کو لے کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے‘ تو وہ مکتوب حضرت حاطب بن ابی بلتعہ کی جانب سے اہل مکہ کے مشرک لوگوں کی طرف لکھا ہوا تھا اور اس میں مشرکین کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعض اقدامات کی خبر دی گئی تھی‘ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پوچھا: اے حاطب! یہ کیا ہے؟ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! میرے متعلق عجَلت سے فیصلہ نہ کریں‘ میں ایسا شخص ہوں جو قریش کے ساتھ رہتا تھا اور قریش میں سے نہیں تھا اور آپ کے ساتھ جو مہاجرین ہیں‘ ان کی مکہ کے مشرکین کے ساتھ رشتہ داریاں ہیں‘ ان رشتہ داریوں کی بناء پر ان کے گھر والے اور ان کے اموال محفوظ رہیں گے اور جب کہ میری ان کے ساتھ کوئی نسبی قرابت نہیں تھی تو میں نے چاہا کہ میں ان کے اوپر کوئی احسان کر دوں اور اس احسان کی وجہ سے وہ میرے قرابت داروں کی حفاظت کریں‘ اور میں نے یہ فعل نہ کفر کی وجہ سے کیا ہے اور نہ ارتداد کی وجہ سے کیا ہے اور نہ اسلام کے بعد کفر پر راضی ہونے کی وجہ سے کیا ہے‘ تب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: اس نے تم سے سچ کہا ہے‘ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے کہا: یا رسول اللہ! مجھے اجازت دیجئے میں اس منافق کی گردن اڑا دوں‘ آپ نے فرمایا: یہ شخص غزوۂ بدر میں حاضر ہوا ہے اور تمہیں کیا پتا کہ تحقیق یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اہل بدر کی طرف متوجہ ہوا‘ پس فرمایا: تم جو چاہو کرو میں نے تم کو بخش دیا۔
سفیان نے کہا: اس حدیث کی سند جیسی کون سی حدیث ہوگی؟
Reference: Sahih Al Bukhari 3007
قُلْتُ: يَا رَسُولَ اللَّهِ، أَيُّ العَمَلِ أَفْضَلُ؟ قَالَ: الصَّلاَةُ عَلَى مِيقَاتِهَا، قُلْتُ: ثُمَّ أَيٌّ؟ قَالَ: ث…
حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ، حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ سَعِيدٍ، حَدَّثَنا سُفْيَانُ، قَالَ: حَدَّثَنِي مَنْصُور…
حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ، حَدَّثَنَا خَالِدٌ، حَدَّثَنَا حَبِيبُ بْنُ أَبِي عَمْرَةَ، عَنْ عَائِشَةَ بِنْتِ طَلْحَةَ، عَنْ ع…
حَدَّثَنَا إِسْحَاقُ بْنُ مَنْصُورٍ، أَخْبَرَنَا عَفَّانُ، حَدَّثَنَا هَمَّامٌ، حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ جُحَادَةَ، قَا…