امام بخاری روایت کرتے ہیں: مجھے یحییٰ بن بکیر نے حدیث بیان کی‘ انہوں نے کہا: ہمیں لیث نے حدیث بیان کی‘ یونس نے کہا: مجھے نافع نے خبر دی از حضرت عبداللہ (بن عمر) رضی اللہ عنہما‘ کہ
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فتح (مکہ) کے دن مکہ کے بالائی علاقہ سے اپنی اونٹنی پر آئے‘ آپ نے اپنے پیچھے حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما کو بٹھایا ہوا تھا‘ اور آپ کے ساتھ حضرت بلال رضی اللہ عنہ تھے اور آپ کے ساتھ حضرت عثمان بن طلحہ رضی اللہ عنہ تھے جو کعبہ کے کلید برداروں میں سے تھے‘ حتیٰ کہ آپ نے مسجد (کے احاطہ) میں اپنی اونٹنی بٹھائی‘ پھر آپ نے ان کو حکم دیا کہ وہ بیت اللہ کی چابی لے کر آئیں‘ پس انہوں نے (بیت اللہ کو) کھولا‘ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم داخل ہوئے اور آپ کے ساتھ حضرت اسامہ‘ حضرت بلال اور حضرت عثمان رضی اللہ عنہم بھی تھے‘ آپ اس میں دن کے طویل حصہ تک ٹھہرے‘ پھر آپ باہر آئے‘ پس لوگوں نے (اندر جانے میں) سبقت کی اور حضرت عبداللہ بن عمر سب سے پہلے داخل ہوئے تو انہوں نے دیکھا کہ حضرت بلال دروازہ کے پیچھے کھڑے ہوئے ہیں‘ انہوں نے حضرت بلال سے پوچھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کس جگہ نماز پڑھی تھی تو انہوں نے اس جگہ کی طرف اشارہ کیا جہاں آپ نے نماز پڑھی تھی۔ حضرت عبداللہ نے کہا: پس میں ان سے یہ سوال کرنا بھول گیا کہ آپ نے کتنی رکعات نماز پڑھی تھی؟
Reference: Sahih Al Bukhari 2988