امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں قتیبہ نے حدیث بیان کی‘ انہوں نے کہا: ہمیں حاتم بن اسماعیل نے حدیث بیان کی از یزید بن ابی عبید از حضرت سلمۃ بن الاکوع رضی اللہ عنہ‘ وہ بیان کرتے ہیں کہ
حضرت علی رضی اللہ عنہ غزوۂ خیبر میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے پیچھے رہ گئے‘ اور ان کی آنکھوں میں تکلیف تھی‘ پس انہوں نے دل میں کہا کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پیچھے رہ گیا ہوں‘ پھر حضرت علی رضی اللہ عنہ نکلے اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے جا ملے‘ اس رات کی شام کو جس کی صبح کو خیبر فتح ہوا‘ بے شک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں ضرور اس کو جھنڈا عطا کروں گا‘ یا فرمایا: ضرور صبح مجھ سے وہ شخص جھنڈا لے گا جس سے اللہ اور اس کا رسول محبت کرتا ہو گا‘ یا فرمایا: جو اللہ اور اس کے رسول سے محبت کرتا ہو گا تو اللہ اس کے ذریعہ خیبر فتح کرے گا‘ پھر اچانک حضرت علی رضی اللہ عنہ آ گئے اور ہمیں ان کے آنے کی توقع نہیں تھی تو لوگوں نے کہا: یہ حضرت علی ہیں‘ پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو جھنڈا عطا کیا تو اللہ تعالیٰ نے ان کے ذریعہ خیبر فتح کیا۔
Reference: Sahih Al Bukhari 2975