Hadith in this chapter(307 hadith)

صحیح بخاری 2967

حدیث نمبر 2967، صحیح بخاری — جہاد اور سیر کا بیان

Sub-Chapter (Baab)

Citation

Sahih Al Bukhari 2967

امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں اسحاق بن ابراہیم نے حدیث بیان کی‘ انہوں نے کہا: ہمیں جریر نے حدیث بیان کی از مغیرہ از شعبی از حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما‘ وہ بیان کرتے ہیں کہ

میں غزوہ (تبوک) میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھا‘ پس نبی صلی اللہ علیہ وسلم پیچھے سے آ کر مجھ سے مل گئے‘ اس وقت میں اپنے اس اونٹ پر سوار تھا جس پر ہم پانی لاد کر لاتے تھے‘ وہ تھک چکا تھا اور آہستہ آہستہ چل رہا تھا‘ آپ نے مجھ سے پوچھا: تمہارے اونٹ کو کیا ہوا ہے؟ میں نے عرض کیا: وہ تھک چکا ہے‘ حضرت جابر نے بتایا: پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پیچھے سے آ کر اس کو جھڑکا اور اس کے لیے دعا کی‘ پھر وہ مسلسل تمام اونٹوں سے آگے چل رہا تھا‘ آپ نے پوچھا: اب تم اپنے اونٹ کو کیسا پا رہے ہو؟ حضرت جابر نے بتایا: میں نے کہا کہ بہت اچھا ہے! اس کو آپ کی برکت پہنچ گئی ہے‘ آپ نے پوچھا: کیا تم اس کو فروخت کرو گے؟ حضرت جابر نے بتایا: پس مجھے حیاء آئی اور ہمارے پاس اس اونٹ کے علاوہ پانی لانے کے لیے اور کوئی اونٹ نہیں تھا‘ حضرت جابر نے بتایا: میں نے کہا کہ جی ہاں! آپ نے فرمایا: پھر تم یہ اونٹ مجھے فروخت کر دو‘ تو میں نے یہ اونٹ آپ کو فروخت کر دیا‘ پس میں نے اس شرط پر آپ کو فروخت کیا کہ مجھے مدینہ جانے تک اس اونٹ پر سوار ہونے کی ضرورت ہے‘ میں نے عرض کیا: یا رسول اللہ! میں (تو) شادی شدہ ہوں‘ تو میں نے آپ سے اجازت طلب کی‘ پس آپ نے مجھے اجازت دے دی‘ سو میں مدینہ کی طرف لوگوں سے آگے نکلا حتیٰ کہ میں مدینہ پہنچ گیا‘ پھر مجھ سے میرے ماموں ملے تو انہوں نے مجھ سے اونٹ کے متعلق دریافت کیا تو میں نے اونٹ کے متعلق جو کچھ کیا تھا‘ وہ ان کو بتایا تو انہوں نے مجھ کو ملامت کی‘ حضرت جابر نے بتایا کہ جب میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اجازت طلب کی تھی تو آپ نے مجھ سے پوچھا کہ تم نے کنواری لڑکی سے شادی کی ہے یا بیوہ سے؟ میں نے بتایا کہ میں نے بیوہ سے شادی کی ہے‘ آپ نے فرمایا: تم نے کنواری لڑکی سے شادی کیوں نہیں کی‘ تم اس سے دل لگی کرتے وہ تم سے دل لگی کرتی‘ میں نے عرض کیا: یا رسول اللہ! میرے والد فوت ہو چکے تھے‘ یا کہا: شہید ہو چکے تھے اور میری چھوٹی چھوٹی بہنیں تھیں تو میں نے ناپسند کیا کہ میں ان جیسی لڑکی سے شادی کر لوں جو ان کو تربیت دے سکے نہ سدھا سکے‘ تو میں نے بیوہ سے شادی کی جو ان کی نگاہ داشت کرے اور ان کو ادب سکھائے‘ حضرت جابر نے بتایا: پس جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ پہنچے تو میں صبح کو آپ کے پاس اونٹ لے گیا‘ آپ نے مجھے اونٹ کی قیمت عطا کی اور اونٹ (بھی) مجھے واپس کر دیا۔

مغیرہ نے کہا: یہ بیع اس شرط کے ساتھ ہمارے رواج میں بہت عمدہ ہے‘ ہمارے نزدیک اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔

Arabic Matn
حَدَّثَنَا إِسْحَاقُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ، أَخْبَرَنَا جَرِيرٌ، عَنِ المُغِيرَةِ، عَنِ الشَّعْبِيِّ، عَنْ جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا، قَالَ: غَزَوْتُ مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ: فَتَلاَحَقَ بِيَ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، وَأَنَا عَلَى نَاضِحٍ لَنَا، قَدْ أَعْيَا فَلاَ يَكَادُ يَسِيرُ، فَقَالَ لِي: مَا لِبَعِيرِكَ؟، قَالَ: قُلْتُ: عَيِيَ، قَالَ: فَتَخَلَّفَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَزَجَرَهُ، وَدَعَا لَهُ، فَمَا زَالَ بَيْنَ يَدَيِ الإِبِلِ قُدَّامَهَا يَسِيرُ، فَقَالَ لِي: كَيْفَ تَرَى بَعِيرَكَ؟، قَالَ: قُلْتُ: بِخَيْرٍ، قَدْ أَصَابَتْهُ بَرَكَتُكَ، قَالَ: أَفَتَبِيعُنِيهِ؟ قَالَ: فَاسْتَحْيَيْتُ وَلَمْ يَكُنْ لَنَا نَاضِحٌ غَيْرُهُ، قَالَ: فَقُلْتُ: نَعَمْ، قَالَ: فَبِعْنِيهِ، فَبِعْتُهُ إِيَّاهُ عَلَى أَنَّ لِي فَقَارَ ظَهْرهِ، حَتَّى أَبْلُغَ المَدِينَةَ قَالَ [ص:52]: فَقُلْتُ: يَا رَسُولَ اللَّهِ إِنِّي عَرُوسٌ، فَاسْتَأْذَنْتُهُ، فَأَذِنَ لِي، فَتَقَدَّمْتُ النَّاس إِلَى المَدِينَةِ حَتَّى أَتَيْتُ المَدِينَةَ، فَلَقِيَنِي خَالِي، فَسَأَلَنِي عَنِ البَعِيرِ، فَأَخْبَرْتُهُ بِمَا صَنَعْتُ فِيهِ، فَلاَمَنِي قَالَ: وَقَدْ كَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ لِي حِينَ اسْتَأْذَنْتُهُ: هَلْ تَزَوَّجْتَ بِكْرًا أَمْ ثَيِّبًا؟، فَقُلْتُ: تَزوَّجْتُ ثَيِّبًا، فَقَالَ: هَلَّا تَزَوَّجْت بكْرا تُلاَعِبُهَا وَتُلاَعِبُكَ، قُلْتُ: يَا رَسُولَ اللَّهِ، تُوُفِّيَ وَالِدِي أَوِ اسْتُشْهِدَ وَلِي أَخَوَاتٌ صِغَارٌ فَكَرِهْتُ أَنْ أَتَزَوَّج مِثلهُنَّ، فَلاَ تُؤَدِّبُهُنَّ، وَلاَ تَقُوم عَلَيهِنَ، فَتَزَوَّجْتُ ثَيِّبًا لِتَقُوم عليْهِنّ وَتُؤدِّبَهُنَّ، قَالَ: فَلَمَّا قَدم رسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ المَدِينَةَ غَدَوْتُ عَلَيْهِ بِالْبَعِيرِ، فَأَعْطَانِي ثَمَنَه وَرَدَّهُ عَلَيَّ قَالَ المُغِيرَةُ هذَا فِي قَضَائِنَا حَسَنٌ لاَ نَرَى بِهِ بَأْسًا

Grade:

Reference: Sahih Al Bukhari 2967

More Hadiths in Chapter 56

View all in chapter →