Hadith in this chapter(307 hadith)

صحیح بخاری 2893

حدیث نمبر 2893، صحیح بخاری — جہاد اور سیر کا بیان

Sub-Chapter (Baab)

Sahih Al Bukhari 2893

امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں قتیبہ نے حدیث بیان کی‘ انہوں نے کہا: ہمیں یعقوب نے حدیث بیان کی از عمرو از حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ‘ وہ بیان کرتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت ابوطلحہ سے فرمایا:

تم اپنے لڑکوں میں سے میرے لیے ایک لڑکا تلاش کرو جو میری خدمت کرے حتیٰ کہ میں خیبر کی طرف روانہ ہوں‘ پھر حضرت ابوطلحہ مجھے سواری پر اپنے پیچھے بٹھا کر نکلے اور اس وقت میں بلوغت کے قریب لڑکا تھا‘ سو جب آپ کہیں ٹھہرتے تو میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت کیا کرتا تھا‘ پس میں اکثر آپ کو یہ دعا کرتے ہوئے سنتا تھا: اے اللہ! میں پریشانی سے اور غم سے اور عاجز ہونے سے اور سستی سے اور بخل سے اور بزدلی سے اور قرض کے بوجھ سے اور مردوں کے غلبہ سے تیری پناہ میں آتا ہوں! پھر ہم خیبر میں آئے‘ پھر جب اللہ نے آپ پر قلعہ کو فتح کر دیا اور آپ کے سامنے حضرت صفیہ بنت حیی بن اخطب رضی اللہ عنہا کا جمال ذکر کیا گیا اور ان کے (سابق) شوہر کو قتل کر دیا گیا تھا اور اس وقت وہ دلہن تھیں تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو اپنے لیے پسند فرما لیا‘ پس آپ ان کو لے کر روانہ ہوئے‘ جب ہم مقام سدّ صہباء پر پہنچے تو وہ حیض سے پاک ہوچکی تھیں‘ پس رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے ساتھ شب زفاف گزاری‘ پھر حیس (کھجور اور گھی اور پنیر سے بنایا ہوا طعام) تیار کیا گیا اور چھوٹے چمڑے کے دسترخوان میں رکھا گیا‘ پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو تمہارے ارد گرد لوگ ہیں‘ ان میں اعلان کر دو‘ پس یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا حضرت صفیہ کے ساتھ نکاح کا ولیمہ تھا‘ پھر ہم مدینہ کی طرف روانہ ہوئے‘ پھر میں نے دیکھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم‘ حضرت صفیہ کے لیے اپنے پیچھے اپنی چادر سے پردہ باندھ رہے تھے‘ پھر آپ اپنے اونٹ کے پاس بیٹھتے اور اپنا گھٹنا کھڑا رکھتے‘ پھر حضرت صفیہ اپنا پیر آپ کے گھٹنے پر رکھتیں‘ حتیٰ کہ اونٹ پر سوار ہو جاتیں‘ پھر ہم روانہ ہوئے حتیٰ کہ جب ہم مدینہ کے قریب پہنچے تو آپ نے اُحد پہاڑ کی طرف دیکھا‘ پس فرمایا: یہ پہاڑ ہے‘ یہ ہم سے محبت کرتا ہے اور ہم اس سے محبت کرتے ہیں‘ پھر آپ نے مدینہ کی طرف دیکھ کر دعا کی: اے اللہ! میں اس کی دو پتھریلی زمینوں کے درمیان کی جگہ کو اس طرح حرم قرار دیتا ہوں جس طرح حضرت ابراہیم علیہ السلام نے مکہ کو حرم قرار دیا تھا اے اللہ! ان کے لیے ان کے مُد اور صاع میں برکت فرما!

Arabic Matn
حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ، حَدَّثَنَا يَعْقُوبُ، عَنْ عَمْرٍو، عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ: أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ لِأَبِي طَلْحَةَ: التَمِسْ غُلاَمًا مِنْ غِلْمَانِكُمْ يَخْدُمُنِي حَتَّى أَخْرُجَ إِلَى خَيْبَرَ فَخَرَجَ بِي أَبُو طَلْحَةَ مُرْدِفِي، وَأَنَا غُلاَمٌ رَاهَقْتُ الحُلُمَ، فَكُنْتُ أَخْدُمُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، إِذَا نَزَلَ، فَكُنْتُ أَسْمعهُ كَثِيرًا يَقُولُ: اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الهَمِّ وَالحَزَنِ، وَالعَجْزِ وَالكَسَلِ، وَالبُخْلِ وَالجُبْنِ، وَضَلَعِ الدَّيْنِ، وَغَلَبَةِ الرِّجَالِ ثُمَّ قَدِمْنَا خَيْبَرَ فَلَمّا فتَحَ اللَّهُ عَلَيْهِ الحِصْنَ، ذُكِرَ لَهُ جَمَالُ صَفِيَّةَ بِنْتِ حُيَيِّ بْنِ أَخْطَبَ، وَقد قتِل زَوْجُهَا، وَكَانَتْ عَرُوسًا، فَاصْطَفَاهَا رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لِنَفْسِهِ، فَخَرَجَ بِهَا حَتَّى بَلَغْنَا سَدّ الصَّهْبَاءِ، حَلَّتْ فَبَنَى بِهَا، ثُمَّ صَنَعَ حَيسًا فِي نِطَعٍ صَغِيرٍ، ثُمَّ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: آذِنْ مَنْ حَوْلَكَ. فَكَانَتْ تِلْكَ وَلِيمَةَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَلَى صَفِيّةَ، ثُمَّ خَرَجْنَا إِلَى المَدِينَةِ قَالَ: فَرَأَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُحَوّي لَهَا وَرَاءَهُ بِعَبَاءَةٍ، ثُمَّ يَجْلِس عِنْدَ بَعِيرِهِ، فَيَضَعُ رُكْبَتَهُ، فَتضَعُ صَفِيّةُ رِجْلَهَا عَلَى رُكْبَتِهِ حَتّى ترْكَبَ، فَسِرْنَا حَتَّى إِذَا أَشْرَفْنَا عَلَى المَدِينَةِ نَظَرَ إِلَى أُحُدٍ فَقَالَ: هَذَا جَبَلٌ يُحِبُّنَا وَنُحِبُّهُ ثُمَّ نَظَرَ إِلَى المدِينَةِ فَقَالَ: اللَّهُمَّ إِنِّي أُحَرِّمُ مَا بيْنَ لاَبَتَيْها بِمِثْلِ مَا حَرَّمَ إِبْرَاهِيمُ مَكَّة، اللَّهُمَّ بَارِكْ لَهُمْ فِي مُدِّهم وَصَاعِهِمْ

Grade:

Reference: Sahih Al Bukhari 2893

More Hadiths in Chapter 56

View all in chapter →