امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں محمد بن المثنیٰ نے حدیث بیان کی‘ انہوں نے کہا: ہمیں یحییٰ بن سعید نے حدیث بیان کی از سفیان‘ انہوں نے کہا: مجھے ابواسحاق نے حدیث بیان کی از حضرت البراء رضی اللہ عنہ‘ وہ بیان کرتے ہیں کہ
ایک شخص نے ان سے کہا: اے ابو عمارہ! کیا تم لوگوں نے غزوۂ حنین کے دن پیٹھ پھیری تھی؟ انہوں نے کہا: نہیں! اور اللہ کی قسم! نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے پیٹھ نہیں پھیری تھی‘ لیکن جلدی میں کچھ لوگوں نے پیٹھ پھیری تھی‘ جن پر ہوازن کے تیروں کی بوچھاڑ ہوئی تھی اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم اپنے سفید خچر پر سوار تھے اور ابوسفیان بن الحارث اس کی لگام پکڑے ہوئے تھے اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم فرما رہے تھے: میں نبی ہوں‘ یہ جھوٹ نہیں ہے اور میں عبدالمطلب کا بیٹا ہوں
Reference: Sahih Al Bukhari 2874