امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں قتیبہ بن سعید نے حدیث بیان کی' انہوں نے کہا: ہمیں جریر نے حدیث بیان کی از منصور از ابووائل' انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ نے بتایا
جس شخص نے کسی ایسی چیز پر قسم کھائی جس سے وہ مال کا مستحق ہو اور وہ اس قسم میں جھوٹا ہو تو وہ اللہ سے اس حال میں ملاقات کرے گا کہ اللہ اس پر غضب ناک ہوگا' تو اللہ تعالیٰ نے اس کی تصدیق میں یہ آیت نازل فرمائی: بے شک جو لوگ اللہ کے عہد اور اپنی قسموں کے عوض تھوڑی قیمت خریدتے ہیں' ان لوگوں کے لیے آخرت میں کوئی حصہ نہیں اور نہ آخرت میں اللہ ان سے کوئی کلام کرے گا اور نہ قیامت کے دن ان کی طرف نظر (رحمت) فرمائے گا اور نہ ان کو پاکیزہ کرے گا اور ان کے لیے دردناک عذاب ہے (آل عمران: ۷۷) پھر حضرت اشعث بن قیس رضی اللہ عنہ ہمارے پاس آئے اور پوچھا کہ تم سے ابو عبدالرحمن نے کیا کہا تھا؟ پس ہم نے ان سے بیان کیا تو انہوں نے کہا: حضرت ابن مسعود نے سچ کہا ہے' بے شک یہ آیت میرے متعلق نازل ہوئی ہے' میرے اور ایک شخص کے درمیان ایک کنویں میں تنازعہ تھا' ہم دونوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس مقدمہ پیش کیا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم گواہ لاؤ ورنہ یہ قسم کھائے گا' میں نے کہا: یہ تو قسم کھالے گا اور اس کو کوئی پرواہ نہیں ہوگی! تب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس شخص نے ایسی قسم کھائی جس سے وہ مال کا مستحق ہو اور وہ اس قسم میں جھوٹا ہو تو وہ اس حال میں اللہ سے ملاقات کرے گا کہ اللہ اس پر غضب ناک ہوگا' تو اللہ تعالیٰ نے اس کی تصدیق میں یہ آیت نازل فرمائی: بے شک جو لوگ اللہ کے عہد اور اپنی قسموں کے عوض تھوڑی قیمت خریدتے ہیں (الآیۃ)۔ (آل عمران: ۷۷)
Reference: Sahih Al Bukhari 2515