امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں ابوالنعمان نے حدیث بیان کی‘ انہوں نے کہا: ہمیں حماد بن زید نے حدیث بیان کی از یحییٰ از محمد بن یحییٰ بن حبان از حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ‘ وہ بیان کرتے ہیں کہ مجھے حضرت ام حرام رضی اللہ عنہا نے حدیث بیان کی کہ
نبی صلی اللہ علیہ وسلم ایک دن ان کے گھر میں تھے‘ پھر آپ ہنستے ہوئے بیدار ہوئے‘ حضرت ام حرام نے پوچھا: یا رسول اللہ! آپ کو کس وجہ سے ہنسی آرہی ہے؟ آپ نے فرمایا: مجھے اپنی امت کے کچھ لوگوں پر تعجب ہوا‘ جو سمندر میں اس طرح سفر کریں گے جس طرح بادشاہ تختوں پر ہوتے ہیں‘ میں نے عرض کیا: یا رسول اللہ! آپ اللہ سے دعا کیجئے کہ وہ مجھے ان میں سے کر دے‘ تو آپ نے فرمایا: تم ان کے ساتھ ہوگی‘ پھر آپ سو گئے‘ پس آپ ہنستے ہوئے بیدار ہوئے‘ پھر آپ نے دو یا تین مرتبہ اسی طرح فرمایا‘ میں نے عرض کیا: یا رسول اللہ! آپ دعا کریں کہ اللہ مجھے ان میں سے کر دے‘ تو آپ فرما رہے تھے: تم پہلوں میں سے ہو‘ پھر ان سے حضرت عبادہ بن الصامت رضی اللہ عنہ نے نکاح کر لیا‘ وہ ان کے ساتھ جہاد کے لیے نکلیں‘ جب وہ واپس آئیں تو سواری کے قریب سوار ہونے کے لیے گئیں تو وہ گر گئیں اور ان کی گردن ٹوٹ گئی۔
Reference: Sahih Al Bukhari 2895