امام بخاری روایت کرتے ہیں: ہمیں یحییٰ بن بکیر نے حدیث بیان کی، انہوں نے کہا: ہمیں لیث نے حدیث بیان کی از عقیل از ابن شہاب از سالم بن عبداللہ وہ کہتے ہیں کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حجۃ الوداع میں تمتع کیا (یعنی) عمرہ کو حج کے ساتھ ملایا اور ھدی ساتھ لی‘ آپ ذوالحلیفہ سے اپنے ساتھ ہدی کو لے گئے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ابتداء کی‘ پس آپ نے عمرہ کا احرام باندھا‘ پھر حج کا احرام باندھا‘ لوگوں نے بھی آپ کے ساتھ تمتع کیا (عمرہ کر کے حج کا احرام باندھا)‘ پس لوگوں میں بعض وہ تھے جو ہدی (قربانی) لے کر چلے تھے‘ سو انہوں نے ہدی روانہ کی اور بعض ان میں سے وہ تھے جو ہدی لے کر نہیں چلے تھے‘ پس جب نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مکہ پہنچے تو آپ نے لوگوں سے فرمایا: تم میں سے جس نے ہدی روانہ کی ہے اس پر جو چیزیں حرام تھیں‘ وہ اس پر اس وقت تک حلال نہیں ہوں گی حتیٰ کہ وہ حج ادا کر لے‘ اور تم میں سے جس نے ہدی روانہ نہیں کی ہے وہ بیت اللہ کا اور صفا اور المروۃ کا طواف کرے اور اپنے بال کاٹے اور احرام کھول دے‘ پھر وہ حج کا احرام باندھے‘ پھر اگر اس کو قربانی نہ ملے تو وہ ایامِ حج میں تین دن کے روزے رکھے اور اپنے گھر لوٹنے کے بعد سات روزے رکھے‘ پس جب آپ مکہ میں آئے تو آپ نے طواف کیا اور سب سے پہلے حجر اسود کی تعظیم کی‘ پھر تین چکر دوڑ کر کیے اور چار چکر پیدل چل کر کیے‘ پس جب آپ نے طواف مکمل کر لیا تو مقام ابراہیم کے پاس دو رکعت نماز پڑھی‘ پھر سلام پھیرا‘ اور مڑ کر صفا پر آئے‘ پھر صفا اور المروۃ میں سات طواف کیے‘ پھر جو چیزیں آپ پر حرام تھیں وہ بدستور حرام رہیں حتیٰ کہ آپ نے حج مکمل کر لیا اور یوم النحر کو اپنی ہدی کو نحر کر لیا‘ پھر آپ لوٹ کر مکہ آئے اور بیت اللہ کا طواف (زیارت) کیا‘ پھر جو تمام چیزیں آپ پر حرام تھیں‘ وہ سب حلال ہوگئیں اور لوگوں میں سے جو شخص اپنے ساتھ ہدی لایا تھا اور اس نے ہدی روانہ کی تھی‘ اس نے بھی اسی طرح کیا جس طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کیا تھا۔
حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ بُكَيْرٍ حَدَّثَنَا اللَّيْثُ عَنْ عُقَيْلٍ عَنْ ابْنِ شِهَابٍ عَنْ سَالِمِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ أَنَّ ابْنَ عُمَرَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا قَالَ تَمَتَّعَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي حَجَّةِ الْوَدَاعِ بِالْعُمْرَةِ إِلَى الْحَجِّ وَأَهْدَى فَسَاقَ مَعَهُ الْهَدْيَ مِنْ ذِي الْحُلَيْفَةِ وَبَدَأَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَأَهَلَّ بِالْعُمْرَةِ ثُمَّ أَهَلَّ بِالْحَجِّ فَتَمَتَّعَ النَّاسُ مَعَ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِالْعُمْرَةِ إِلَى الْحَجِّ فَكَانَ مِنْ النَّاسِ مَنْ أَهْدَى فَسَاقَ الْهَدْيَ وَمِنْهُمْ مَنْ لَمْ يُهْدِ فَلَمَّا قَدِمَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مَكَّةَ قَالَ لِلنَّاسِ مَنْ كَانَ مِنْكُمْ أَهْدَى فَإِنَّهُ لَا يَحِلُّ لِشَيْءٍ حَرُمَ مِنْهُ حَتَّى يَقْضِيَ حَجَّهُ وَمَنْ لَمْ يَكُنْ مِنْكُمْ أَهْدَى فَلْيَطُفْ بِالْبَيْتِ وَبِالصَّفَا وَالْمَرْوَةِ وَلْيُقَصِّرْ وَلْيَحْلِلْ ثُمَّ لِيُهِلَّ بِالْحَجِّ فَمَنْ لَمْ يَجِدْ هَدْيًا فَلْيَصُمْ ثَلَاثَةَ أَيَّامٍ فِي الْحَجِّ وَسَبْعَةً إِذَا رَجَعَ إِلَى أَهْلِهِ فَطَافَ حِينَ قَدِمَ مَكَّةَ وَاسْتَلَمَ الرُّكْنَ أَوَّلَ شَيْءٍ ثُمَّ خَبَّ ثَلَاثَةَ أَطْوَافٍ وَمَشَى أَرْبَعًا فَرَكَعَ حِينَ قَضَى طَوَافَهُ بِالْبَيْتِ عِنْدَ الْمَقَامِ رَكْعَتَيْنِ ثُمَّ سَلَّمَ فَانْصَرَفَ فَأَتَى الصَّفَا فَطَافَ بِالصَّفَا وَالْمَرْوَةِ سَبْعَةَ أَطْوَافٍ ثُمَّ لَمْ يَحْلِلْ مِنْ شَيْءٍ حَرُمَ مِنْهُ حَتَّى قَضَى حَجَّهُ وَنَحَرَ هَدْيَهُ يَوْمَ النَّحْرِ وَأَفَاضَ فَطَافَ بِالْبَيْتِ ثُمَّ حَلَّ مِنْ كُلِّ شَيْءٍ حَرُمَ مِنْهُ وَفَعَلَ مِثْلَ مَا فَعَلَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مَنْ أَهْدَى وَسَاقَ الْهَدْيَ مِنْ النَّاسِ َ
Reference: Sahih Al Bukhari 1691